بدایوں / اتر پردیش، 2 ؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہوس اور جنسی درندگی اس حد تک بے لگام ہوسکتی ہے شاید کسی نے سوچا بھی نہ ہوگا اور پھر کون سوچ سکتا ہے کہ اپنے ہی گھر میں انسان نما وحشی بھی چھپاہے ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بدایوں ضلع کے اسلام نگر حلقہ میں آبروریزی کی مخالفت کرنے پر ایک شخص نے اپنی بیوہ بھابھی کو مبینہ طور پر زندہ جلا ڈالا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سریندر پرتاپ سنگھ نے آج یہاں درج رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اسلا م نگر تھانہ علاقہ کے لبھاری کے مڑھیا گاؤں میں بیوہ عورت نیلم 27 پر اس کا دیور جتیندر بری نظر رکھتا تھا۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ جب نیلم نے اس فعل قبیح کی مخالفت کی تو طیش میں آکر دیور جیتیندر نے مٹی تیل چھڑک کر آگ لگادی ۔
پولس حکام کے مطابق گزشتہ رات جتیندر نے نیلم کو گھر میں اکیلا پاکر اس کے ساتھ منھ کالا کرنے کی کوشش کی تو نیلم نے شور مچایا جس سے ناراض جتیندر نے اسپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔آگ سے بری طرح جھلس چکی نیلم موقع پر ہی جاں بحق ہو کر انسان نما بھیڑیے کی گرفت سے آزاد ہوگئی۔
نیلم کے والد کی تحریر پر پولیس نے ملزم دیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی گرفتاری کے لئے جگہ جگہ دبش دے رہی ہے ۔ پولس حکام سے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم جیتیندر کو جلد از جلد گرفتار کرکے اُس پر اقدام عصمت دری اور قتل کی دفعات نافذ کرکے سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے ورنہ عوام سڑکوں پر اُتر کر احتجاج کریں گے